بھٹکل، 5؍مئی (ایس او نیوز) مرکزی جماعت المسلمین، تینگن گنڈی سے منسلک جامعہ آباد گراونڈ میں الشمع اسپورٹس سینٹر کے زیر اہتمام دس اوروں کا ٹینس بال کرکٹ ٹورنامنٹ " شاہ فیصل ٹرافی" کا جمعرات 5 مئی کو شاندار آغاز ہوا ، جس میں بھٹکل اور پڑوسی علاقہ شیرور سمیت ضلع اُترکنڑا کے کاروار تک کی جملہ 30 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ٹورنامنٹ کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے الشمع کے جنرل سکریٹری افتخار پوتکار نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں روزانہ چار میچس کھیلے جائیں گے اورٹورنامنٹ کا فائنل 12؍ مئی کو کھیلا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ شاہ فیصل ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی سمیت33,333 روپیہ نقد اور دوسرا انعام ٹرافی سمیت 22,222 روپیہ نقد انعام دیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمان خصو صی کی حیثیت سے تشریف فرما محمد علی ڈانگی نے کہاکہ جس طرح اس ٹورنامنٹ کو منظم انداز میں منعقد کیا گیا ہے، ہمارے نوجوانوں کو اپنی زندگی میں بھی اسی طرح نظم وضبط کی پابندی کرنی چاہئے۔ مولانا اسماعیل ڈانگی ندوی نے خطاب کرتےہوئے الشمع اسپورٹس سینڑ کی طرف سے کھیل کے ساتھ ساتھ انجام دی جانےو الی سماجی خدمات کی ستائش کی انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت دی کہ وہ اسی طرح آگے بھی اپنی بہترین خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں۔
تقریب کا آغاز حافظ قاسم بنگالی کی تلاوت قرآن سےہوا۔ تمیم نجم الدین ڈانگی نے نعت پیش کی ۔ عبد الحادی نے الشمع کا ترانہ پیش کیا۔ عتیق الرحمن ڈانگی ندوی نے الشمع کی رپورٹ اور تعارف پیش کیا ، مولانا محمد اقبال بنگالی نے استقبال کیا ۔ الشمع کے صدر رحمت اللہ عثمانی نے آخر میں کلمہ تشکر پیش کیا۔
جامع مسجد تینگن گنڈی کے خطیب و امام مولانا اسحاق ڈانگی ندوی سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی موقع کی مناسبت سے اپنے اپنےخیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں سینئر کھلاڑیوں کی تہنیت کی گئی۔ ڈائس پر جفر ی بنگالی، حافظ سیلمان کورشے، ، حافظ حسین کاوا ، الجامعہ کے صدر یوسف ملّا سلیم الجی ،عرفان کمپا، صغبت اللہ ڈانگی، خواجہ ملاّ، محمد غوث بنگالی، مولانا اسماعیل پوتکار، مولانا فضل اللہ مرجیکر، محمد سراج اِبوّ، حسن عثمانی وغیرہ موجود تھے۔
خیال رہے کہ 11 ڈسمبر 2020 کو الشمع کا کھلاڑی 24 سالہ شاہ فیصل تیگن گنڈی سمندر میں غرق ہوکر جاں بحق ہوگیا تھا، اس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کو اُسی کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
شاہ فیصل ٹرافی کا پہلا میچ آج جمعرات کو الجامعہ(اے ) اورمحمدن شیرور کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں محمد ن شیرور نے جیت درج کی۔ الجامعہ نے پہلے بلے بازی کرتے 3 وکٹ کے نقصان پر 86 رن بنائے تھے مگر جواب میں محمدن شیرور نے چھٹے اوور میں ہی مقررہ اسکورکو پاتے ہوئے جیت درج کرلی۔ الجامعہ (اے) کے دائم بھنڈی نے 36 رن بنائے۔ جبکہ محمدن شیرور کے حیات شیخ نے 23 گیندوں میں 56 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔